صوبائیت کا خطرہ ہے

عوام کو فوج نہیں ،سیاسی جماعتیں اکٹھا کرسکتی ہیں: عمران خان

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کو فوج نہیں سیاسی جماعتیں اکٹھا کرسکتی ہیں ۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فوج اگر عوام کو اکٹھا کرسکتی تو تو مشرقی پاکستان نہ ٹوٹتا۔
عمران خان نے کہا کہ فراڈ الیکشن کی وجہ سے ہم سیاسی عدم استحکام کا شکار ہیں، ملک میں دہشت گردی بڑھ رہی ہے جبکہ معیشت سب سے بڑا چیلنج ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان دہشت گردی پر پنجاب میں احتجاج کروایا گیا،بلوچستان کے جو حالات ہیں ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی واحدجماعت ہے جو چاروں صوبوں میں موجود ہے، ہم عوام کو متحد کر سکتے ہیں سیاسی جماعتیں ہی عوام کا اکٹھا کرسکتی ہیں جو یہ فیصلے کر رہے ہیں انہیں ملک کی فکر نہیں ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سنا تھا 50 سال میں سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی ہے اب پتہ چلا ہے کہ اس سال تاریخ کی سب سے کم سرمایہ کاری ملک میں آئی، ملکی آمدن نہیں ہے قرض بڑھ رہے ہیں ملک تباہی کی جانب جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد جلسہ ملتوی کرنے پر کارکنان میں غصہ ہے برا بھلا کہہ رہے ہیں پارٹی میں لڑائی ختم نہیں ہو رہی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ فیئر ٹرائل میرا حق ہے اور یہاں فیئر ٹرائل کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں، جتنے حالات خراب ہو رہے ہیں اتنی سختیاں بڑھائی جارہی ہیں، پارٹی لیڈرز اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جاتا، تیسرا ہفتہ ہے بچوں سے بھی فون پر بات نہیں کروائی جارہی۔
عمران خان نے کہا کہ میں کسی کا نام نہیں لیتا جو سیدھا سادا پارٹی کو چھوڑ کر گئے ہیں انہیں واپس نہیں لوں گا، جنہوں نے مشکل وقت گزارا اور پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے وہ تسلی رکھیں وہ تمام لوگ جو سخت حالات میں انڈر گرانڈ چلے گئے سختیاں اور تشدد برداشت کیا ان کیلئے بہتر فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بہت کم ایسے لوگ ہیں جنہوں نے بہت مشکل وقت میں پارٹی کو مجبوری میں چھوڑا۔
میڈیا ٹاک کے دوران صحافیوں کے سوالات پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل نے میڈیا نمائندوں کو عمران خان سے سوال کرنے سے روک دیا۔
عمران خان نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کو روکا تو اس نے جواب دیا عدالتی حکم ہے کہ آپ پریس کانفرنس اور میڈیا ٹاک نہیں کرسکتے۔

مزید پڑھیں:  نیتن یاہو کا جنرل اسمبلی سے خطاب،پاکستانی وفد نے واک آؤٹ کردیا