ٹیکس نہ دینے والوں پر سخت پابندیاں

حکومت کا ٹیکس نہ دینے والوں پر سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ

ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے ٹیکس نہ دینے والوں پر سخت پابندیاں لگانے کا عندیہ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں اب نان فائلرز کی کوئی گنجائش نہیں ہے ۔
وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ جو اپنی آمدن پر ٹیکس فائل نہیں کرتا اس پر سخت پابندیاں لگائیں گے جس کے بعد وہ بہت سے کام نہیں کرسکے گا۔
امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان میں نان فائلر کی اصطلاح ختم کرنے جارہے ہیں کیونکہ حکومت کے پاس نان فائلرز کا تمام ڈیٹا آگیا ہے ۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ تنخواہ دار طبقے پر بجٹ میں جو بوجھ ڈالا گیا ہے اسے کم کیا جائے گا جبکہ ری ٹیلرز، تھوک فروش، زراعت اور پراپرٹی کے شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ موصول ہونے والے ڈیٹا میں نان فائلرز کے طرز زندگی، گاڑیوں کی ملکیت اور بیرون ملک سفر سمیت دیگر تمام تفصیلات موجود ہیں۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کو معاشی اصلاحات کا پلان دیا ہے کیونکہ حکومت کے پاس اب اس کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے، اس کے علاوہ جو طبقے یا شعبے ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں انہیں بھی ٹیکس کے دائرہ کار میں لائیں گے۔
محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ برس محصولات میں29 فیصد اضافہ ہوا اس کے باوجود ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 9 فیصد رہی، ایسی شرح سے کسی بھی ملک کی معیشت میں استحکام نہیں لایا جاسکتا۔
انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام میں چین اور سعودی عرب نے ہماری مدد کی جس کے نتیجے میں7ارب ڈالر کا قرض کی منظوری ہوئی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اگر چاہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا یہ آخری پروگرام ہو تو ملکی معیشت میں بڑے پیمانے پر اصلاحات لانا ہوں گی۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم میں فائز عیسیٰ کو سپورٹ نہیں کرسکتے، مولانا عبدالغفور حیدری