سوات واقعے پر سیاسی بیان بازی

وفاقی حکومت سوات واقعے پر سیاسی بیان بازی کررہی ہے ،بیرسٹر سیف

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سوات واقعے پر سیاسی بیان بازی کررہی ہے ۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف اپنے ایک بیان میں کہا کہ غیر ملکی سفارتکاروں کے حوالے سے وفاقی حکومت نے صوبائی حکومت کو آگاہ نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اب وفاقی حکومت اپنی کوتاہی چھپانے کے لئے سیاسی بیان بازی سے کام لے رہی ہے ۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے سوات واقعے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ صوابی دھماکے کی تحقیقات کیلئے بھی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کوتاہی برتنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔
بیرسٹر سیف کا ضلع کرم میں جاری جھڑپوں کے حوالے سے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ضلع کرم میں مسئلے کے دیرپا حل کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائے رہے ہیں۔
انتظامیہ، پولیس اور مقامی عمائدین کی کوششوں سے فریقین کے درمیان سیز فائر ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرم میں فریقین کے درمیان زمین کا تنازعہ چل رہا ہے لہٰذاتنازعے کو دہشت گردی یا فرقہ واریت کا نام نہ دیا جائے۔

مزید پڑھیں:  پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش، موسم خوشگوار