آئی جی اسلام آباد کو سڑک

آئی جی اسلام آباد کو سڑک پر دھمکیاں دیتے؟عظمیٰ بخاری کا علی امین پر طنز

ویب ڈیسک: پنجاب کی صوبائی وزیر اطلاعات و رہنما مسلم لیگ ن عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران انقلابیوں کا ہیرو کارکنان کو چھوڑ کر اچانک غائب ہو گیا، اور پھر اسمبلی میں نمودار ہوا، انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہمت تھی تو آئی جی اسلام آباد کو سڑک پر دھمکیاں دیتے، اسمبلی اجلاس میں کیا دھمکیاں دے رہے ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے علی امین گنڈا پور کی گمشدگی کا ڈرامہ رچایا، انقلابیوں کا چی گویرا کہہ رہا تھا ہم آرہے ہیں پھر اچانک غائب ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اسمبلی میں آئی جی اسلام آباد کو دھمکیاں دے رہے تھے، اس پر انہوں نے مزید کہا کہ اگر اتنی ہمت تھی تو آئی جی اسلام آباد کو سڑک پر دھمکیاں دیتے، اور ان کا سامنا کرتے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک ہفتے سے ملک میں آگ لگانے کی تیاری ہورہی تھی، ملک میں جلاؤ گھیراؤ کی ساری پلاننگ اڈیالہ جیل سے ہوتی ہے،کیا اڈیالہ سے کبھی خیر کی خبر آئی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کیا کبھی اڈیالہ کے باسی نے کہا ہے کہ کے پی میں پل بنادو، وزیراعلیٰ کی کرپشن کی داستانیں آرہی ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب کی اورنج لائن سب نے دیکھی، گزشتہ 12سال سے خیبرپختونخوا کے وسائل وفاق پر چڑھائی کیلئے استعمال ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نام نہاد احتجاج کے دوران ان کی پوری لیڈر شپ ورک فرام ہوم کررہی تھی، خیبرپختونخوا کے بچوں کو افغان باشندوں کے ساتھ ٹریننگ دلوا کر لایا گیا، افغان باشندے ان کے پے رول پر ہیں جن سے اسلام آباد پر یلغار کرانی تھی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا جو کام تھا وہ انہوں نے کردیا، کل ان سے اسلحہ ،ڈنڈوں اور غلیلوں کی صورت میں مال غنیمت بھی پکڑا گیا۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ اس پرامن احتجاج میں پولیس کی 10گاڑیاں جلائی گئی ہیں، 441 سیف سٹی کے کیمرے بھی توڑے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ جنہوں نے ریاست پر حملہ کیا پھر ان بلوائیوں کو سزا بھی ملنی چاہیے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی خود ڈھونڈ رہی ہے، گورنر فیصل کنڈی