معیشت کا ڈی این اے

جامع ترقی کیلئے معیشت کا ڈی این اے بدلنا ضروری ہے، وزیرخزانہ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے بیرونی قرضوں پر انحصار سے نکالنے اور جامع ترقی کے لیے معیشت کا ڈی این اے بدلنا ضروری ہے۔
و فاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے اعلیٰ سطح کے وفد سے گفتگو کے دوران حکومت کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل درآمد اور ڈھانچہ جاتی اہداف کے حصول کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بیرونی قرضوں پر انحصار سے نکالنے اور پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کا واحد راستہ معیشت کا ڈی این اے بدلنا ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ روایتی اتار چڑھا سے باہر نکل کر معیشت کو برآمدی بنیادوں پر ترقی کی راہ پر ڈالنا ضروری ہے۔
محمد اورنگزیب نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو خوش آمدید کہا، جس کی قیادت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایشیائی ترقیاتی بینک ڈونلڈ بوبیایش اور شگیو شیمیزو کر رہے تھے اور بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یے اور دیگر افسران بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد کو وفاقی وزیر خزانہ نے حکومت کی جاری اصلاحات اور بہتر ہوتے معاشی اشاریوں کے بارے میں آگاہ کیا اور خاص طور پر مالیاتی خسارے کے مثر انتظام، بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافے کا ذکر کیا، ساتھ ہی یہ بھی بتایا کہ گزشتہ سال 38 فیصد کی بلند ترین شرح سے مہنگائی میں زبردست کمی واقع ہو کر ستمبر میں 6.9 فیصد کی سطح پر آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زر مبادلہ کے ذخائر 10.7 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں اور اسٹاک ایکسچینج 85,000 پوائنٹس سے تجاوز کر چکی ہے، جو سرمایہ کاری کے حوالے سے بڑھتے ہوئے اعتماد اور ملک میں بہتر ہوتی کاروباری فضا کی عکاسی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کا سہرا وزیراعظم شہباز شریف کے سر جاتا ہے، جنہوں نے اصلاحات کے عمل کی خود نگرانی کی اور محصولات، توانائی، سرکاری ادارے، نج کاری اور پنشن اصلاحات جیسے اہم شعبوں میں اہم تبدیلیاں کیں۔

مزید پڑھیں:  علیمہ اور عظمیٰ خان مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے