عابد کشمیری انتقال کر گئے

پاکستان کے نامور اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: پاکستان کے نامور اداکار عابد کشمیری انتقال کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر اداکار 74 سال کی عمر میں مختصر علالت کے باعث انتقال کر گئے جس کی اطلاع ان کی بیٹی نے دی ، انہوں نے اس حوالے سے بتایا کہ عابد کشمیری کچھ عرصہ سے بیمار تھے۔ مرحوم نے اپنے پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔
لیجنڈری اداکار عابد کشمیری 4 مئی 1950 کو لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے سینکڑوں ٹی وی ڈراموں، سٹیج اور فلموں میں کام کیا، او راس دوران اپنی بے ساختہ مزاحیہ اداکاری کے باعث شائقین کے دلوں پر راج کرتے رہے۔
1988 میں انھیں فلم ’’بازار حسن‘‘ پر بہترین مزاحیہ اداکار کے لیے نگار ایوارڈ دیا گیا۔ اس کے علاوہ بھی وہ کئی ایک ڈراموں میں جوہر دکھا چکے ہیں۔ ان کی مشہور فلموں میں جیتے ہیں شان سے اور آہٹ بھی شامل ہیں۔
ان کے ٹی وی ڈراموں کی بھی ایک طویل فہرست ہے جن میں لوہاری گیٹ، سورج کے ساتھ ساتھ، تیسرا کنارہ اور اپنے لوگ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں، ڈرامہ سمندر میں عابد کشمیری کا کردار گلو بادشاہ بہت مقبول ہوا تھا جسے آج بھی شائئقین یاد کرتے ہیں۔ ان کا یہ کردار کافی مشہور ہوا.

مزید پڑھیں:  لاہوری میں فائرنگ کا واقعہ، پی پی کا سابق ناظم گھر کی دہلیز پر قتل