پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت

شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی: عطا تارڑ

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کا انعقاد پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کی تیاریوں کے حوالے سے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے معاشی اور علاقائی روابط کو فروغ ملے گا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اہم ایونٹ ایس سی او کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، ایس سی او کے لئے اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کانفرنس علاقائی تعاون کے حوالے سے اہم فورم ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس پاکستان کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگی، اس سے معاشی اورعلاقائی روابط کو فروغ ملے گا، ایس سی او سمٹ کی سائیڈ لائن پر سربراہان مملکت کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
عطاء اللہ نے مزید کہا ک پاکستان خطے میں تجارت اور امن کے فروغ کیلئے پرعزم ہے، تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے آزادانہ پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر ابھر رہا ہے، ملائیشیا کے وزیراعظم کا کامیاب دورہ رہا، دورے میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا، ملائیشیا کے وزیراعظم نے پاکستانی برآمدات بڑھانے کا یقین دلایا، چاول، حلال گوشت سمیت برآمدات سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا، سعودی فرمانروا شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی، سعودی عرب کے ساتھ 2.2 ارب ڈالر کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کم ہو کر 6.9 فیصد پر آگئی ہے، تجارتی خسارے میں مسلسل کمی آئی ہے جبکہ ہماری برآمدات میں 14فیصد اضافہ ہوا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور: مشترکہ کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم داعش کا اہم دہشتگرد گرفتار