راہداری ضمانت منظور

پشاور ہائیکورٹ نے عالیہ حمزہ ،راجہ بشارت اور صنم جاوید کی راہداری ضمانت منظور کرلی

ویب ڈیسک: پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عالیہ حمزہ ، راجہ بشارت اور صنم جاوید کی راہداری ضمانت منظور کرلی ہے ۔
پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما راجہ بشارت کی راہداری ضمانت کی درخواست پر سماعت جسٹس فہیم ولی کے روبرو ہوئی۔
وکیل درخواست گزار عالم خان ادینزئی نے کہا کہ میرے موکل پر ٹیکسلا میں دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے، درخواست گزار پر سیاسی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف الزام بے بنیاد ہے، درخواست گزار متعلقہ عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہے لیکن گرفتاری کا خدشہ ہے۔
عدالت نے راجہ بشارت کو تین نومبر تک ضمانت دے دی اور راجہ بشارت کو مقررہ متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
اسی طرح عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کی راہداری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی اور یہ بھی جج جسٹس فہیم ولی کے روبرو ہوئی۔
عدالت نے دونوں خواتین کی 8 نومبر تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔

مزید پڑھیں:  حزب اللہ کا شمالی اسرائیل پر ڈرون سے حملہ، 4 صیہونی ہلاک، متعدد زٰخمی