سرکاری آٹا

سرکاری آٹا اب ایپ پر ملے گا

ویب ڈیسک :خیبرپختونخوا کے وزیر برائے محکمہ خوراک اور سائنس وانفارمیشن ٹیکنالوجی عاطف خان نے کہا ہے کہ پورے صوبے میں محکمہ خوراک شہریوں کو رعایتی نرخوں پر ملنے والے سرکاری آٹے کی شفاف تقسیم کیلئے ایپ تیار کرلی ہے ۔

جس کا اجرا بہت جلد کیا جائیگا،ان کا کہنا تھا کہ ایپ کااستعمال تمام آٹا ڈیلرز پر لازم ہوگا اور ڈیلرز شہریوں کو آٹا فراہم کرتے وقت ایپ میں ان کے کوائف درج کرائیںگے، تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہوسکے اور زیادہ سے زیادہ لوگ رعایتی نرخوں پر آٹا خرید سکیں۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کی جانب سے غزہ میں غذائی قلت کے دعوے مسترد

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ خوراک میں آٹا ڈیلرز ایپ سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خوراک کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کا مشن صوبے کے اداروں میں ریفارمز سے بہتری لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے نظام سے رعایتی نرخوں پر ملنے والے آٹے سے متعلق شکایات کا ازالہ ہوسکے گا۔ وزیر خوراک کو اجلاس میں بتایا گیا کہ ایپ کی مدد سے محکمہ خوراک کو متعلقہ ڈی ایف سی،ڈیلرز سے متعلق ڈیٹا حاصل ہوسکے گا۔

مزید پڑھیں:  بالاکوٹ اور وادی کاغان میں بارش کا نیا سلسلہ شروع

ان کا کہنا تھا کہ آٹا ڈیلرز ایپ نہ ہونے کی صورت میں آٹے کا کوٹہ فراہم نہیں کیا جائیگا۔ حکام کا کہنا تھا کہ ایپ کا آغاز ابتدائی طور پر تین اضلاع مردان، نوشہرہ اور ایبٹ آباد سے کیا جارہا ہے۔ جہاں ہر گھرانے کو پانچ دنوں میں ایک بار 20 کلو آٹا رعایتی نرخ پر فراہم کیا جائیگا۔

نئے نظام میں ایک بندہ پانچ دنوں کے دوران دوبارہ رعایتی نرخ پر آٹا حاصل نہیں کرسکے گا۔