مفکر پاکستان

مفکر پاکستان علامہ اقبال کا آج 144 واں یوم پیدائش

ویب ڈیسک: قوم کو بیداری کا سبق دینے والے شاعر مشرق علامہ اقبال کے 144 واں یوم پیدائش کے موقع پر مزار اقبال لاہور پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب میں پاک بحریہ کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور مزار کی اعزازی گارڈ کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور عامر اقبال خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

مسلمانوں کے لیے آزاد ملک کا خواب دیکھنے والے اور انسانی روح بیدار کرنے والے شاعر مشرق علامہ اقبال کا یوم ولادت 9 نومبر کو پورے پاکستان میں منایا جاتا ہے شاعرِ مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال بیسویں صدی کے معروف مفکر، شاعر، مصنف، قانون دان، سیاست دان، مسلم صوفی اور تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے۔

مزید پڑھیں:  امریکہ کی نظریں پاک ایران تجارتی معاہدوں پر جم گئیں، پابندیوں کا خطرہ

علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کو غلامی کی زنجیروں سے نجات دلانے کے لیے جداگانہ قومیت کا احساس اُجاگر کیا اور اپنی شاعری سے مسلمانوں کو بیدار کیا۔ اُن کے افکار اور سوچ نے اُمید کا وہ چراغ روشن کیا جس نے نا صرف منزل بلکہ راستے کی بھی نشاندہی کی۔ مفکر پاکستان نے شاہین کے تصور اور خودی کا فلسفہ پیش کیا، فرقہ واریت، نظریاتی انتہا پسندی اور نئے اجتماعی گروہوں کی تشکیل جیسے معاملات پر اقبال کی سوچ آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

علامہ اقبال کی اردو اور فارسی زبانوں میں تصانیف کے مجموعات میں بال جبریل، بانگ درا، اسرار خودی، ضرب کلیم، جاوید نامہ، رموز بے خودی، پیام مشرق، زبور عجم، پس چہ باید کرد اے اقوامِ شرق اور ارمغان حجاز شامل ہیں ۔ عظیم شاعر علامہ اقبال نے ‘سارے جہاں سے اچھا’ اور ‘لب پہ آتی ہے دعا بن کے تمنا میری’ جیسے شہرہ آفاق ترانے لکھے جب کہ شکوہ اور جواب شکوہ جیسی نظموں نے خوب داد سمیٹی۔

مزید پڑھیں:  ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آج لاہور اور کراچی کا دورہ کرینگے

مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال 9 نومبر 1877 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے، انہوں نے 21 اپریل 1938 کو لاہور میں وفات پائی۔

شاعر مشرق اور عظیم مفکر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا بھی انعقاد کیا گیا ہے، جس میں معروف مفکر کی تحریک پاکستان کیلئے جدوجہد کو بھرپواز انداز میں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں میں تقریری مقابلوں اور مباحثوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔