سرکاری محکمے پیسکو کے 2 ارب

سرکاری محکمے پیسکو کے 2 ارب روپے کے نادہندہ نکلے

خیبر پختونخوا کے سرکاری محکموں کی جانب سے بجلی بلوں کی عدم ادائیگی نے نئے مسائل کھڑے کردئے پیسکو انتظامیہ نے بل جمع نہ کرانے والے سرکاری دفاتر کے بجلی کنکشن کاٹنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ صوبائی حکومت نے بل ادائیگی میں تاخیر پر جرمانہ متعلقہ محکمہ کے سربراہ سے وصول کرنے کی تنبیہ کردی ہے ۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی دستاویزات کے مطابق ماہ نومبر کے بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث سرکاری محکموں کے ذمہ بقایاجات ایک ارب 90 کروڑ 3 لاکھ 12ہزار روپے ہو گئے ہیں.

یہ بھی پڑھیں: صوبائی محتسب آفس پر کروڑوں کا خرچ ، کارکردگی برائے نام

سب سے زیادہ بقایاجات پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ذمہ 40 کروڑ 21 لاکھ 57 ہزار روپے ہیں جبکہ پولیس کے ذمہ 16کروڑ 70 لاکھ 75ہزار، آبپاشی کے ذمہ 8 کروڑ 38 لاکھ 16ہزار، عدلیہ کے ذمہ 6 کروڑ 3 لاکھ 31 ہزار، صحت کے ذمہ 3 کروڑ 38 لاکھ 17ہزار، تعمیرات و مواصلات کے ذمہ 2 کروڑ 93 لاکھ 68 ہزار، جیل خانہ جات کے ذمہ 2 کروڑ 68 لاکھ 49 ہزار، انتظامیہ و عملہ کے ذمہ ایک کروڑ 52 لاکھ 84 ہزار، اعلیٰ تعلیم کے ذمہ ایک کروڑ 43 لاکھ 75 ہزار، جنگلات و جنگلی حیات کے ذمہ ایک کروڑ 42 لاکھ 5 ہزار اور اوقاف کے ذمہ 92 لاکھ 93 ہزار روپے کے بقایاجات ہیں ضلعی حکومتوں کے ذمہ 55 کروڑ 74 لاکھ 58 ہزار اور لوکل گورنمنٹ کے ذمہ 45 کروڑ 18 لاکھ 62 ہزار روپے کے بل بقایاجات ہیں پیسکو انتظامیہ نے صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا ہے کہ وہ نادہندہ اداروں کے بجلی کنکشن کاٹ دیں گے صوبائی حکومت ذرائع کے مطابق پیسکو کی جانب سے انتہائی قدم اٹھانے کے فیصلے پر صوبائی حکومت نے سختی سے نوٹس لیا ہے اور تمام سرکاری اداروں کو فی الفور بقایاجات ادا کرنے کی ہدایت کی ہے اسی طرح یہ بھی واضح کردیا گیا ہے کہ اگر کسی ادارے کی جانب سے بروقت بل جمع نہ کرایا گیا تو جرمانے کی رقم متعلقہ محکمہ کے سربراہ سے وصول کی جائیگی صوبائی حکومت نے بجلی بلوں کی ادائیگی کیلئے تمام سرکاری محکموں کو محکمہ خزانہ سے رقم کی وصولی کی ہدایت بھی کردی ہے۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری