انڈر 19 کپ کا فائنل

انڈر 19 کپ کا فائنل کل خیبرپختونخوا وائٹس اور سینٹرل پنجاب بلیوز کے درمیان ہوگا

پراعتماد سینٹرل پنجاب بلیوزاور جارح مزاج خیبرپختونخوا وائٹس کے مابین نیشنل انڈر 19 کپ کا فائنل کل 8 جولائی بروز جمعہ کو رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلا جائے گا۔

50 اوورز طرز کی کرکٹ کے ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ٹرافی سمیت 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔ رنرزاپ ٹیم 5 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی۔

ایونٹ کے بہترین بیٹر، باؤلر اور وکٹ کیپر کو 50 ہزار روپے جبکہ پلیئر آف دی فائنل کو 20 ہزار روپے بطور انعام دئیے جائیں گے۔ پول اے اور پول بی کی دونوں ٹاپ ٹیمیں ٹورنامنٹ کے پانچوں راؤنڈز میں ناقابل شکست رہیں۔

سینٹرل پنجاب بلیوز کے کپتان عبید شاہد نے ایونٹ کے 4 میچز میں 3 نصف سنچریوں کی بدولت 82 کی اوسط سے 246 رنز اسکور کررکھے ہیں تاہم ٹیم کا مضبوط شعبہ اسپن باؤلنگ ہے جہاں ارحم نواب اور علی اسفند نے 10، 10 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ دونوں اسپنرز کی ایونٹ کے 4 میچز میں بہترین باؤلنگ 18 رنز کے عوض 4،4 وکٹیں حاصل کرنا ہے۔

مزید پڑھیں:  بابر اعظم کو ایک بار پھر کپتان قومی ٹیم بنائے جانے کا امکان

سینٹرل پنجاب بلیوز کے کپتان عبید شاہد کا کہنا ہے کہ ناقابل شکست رہنے کے سبب ان کی ٹیم متحد اور پراعتماد ہے۔ بحیثیت کپتان وہ اپنی ٹیم اور ذاتی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہیں امید ہے کہ علی اسفند اور ارحم نواب پر مشتمل اسپن جوڑی کی موجودگی میں ان کی ٹیم چیمپئن بننے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

اُدھر مسلسل دوسری مرتبہ فائنل میں پہنچنے والی خیبرپختونخوا وائٹس کےبیٹر شاہ زیب خان نے 4 اننگز میں 98 کی اوسط سے 196 رنز بنارکھے ہیں۔ کپتان عباس علی نے 5 میچز میں158 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 7 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔ اسپنر محمد عرفان نے 4 میچز میں 7 اور فاسٹ باؤلر ایمل خان نے 8 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

مزید پڑھیں:  بابر اعظم کی چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات

خیبرپختونخوا وائٹس کے کپتان عباس علی کا کہنا ہے کہ دونوں ٹیمیں تاحال ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہیں تاہم کل ایک نیا دن ہوگا اور وہ ایک نئی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ گزشتہ سال خیبرپختونخوا کی ٹیم ہی ٹورنامنٹ کا فائنل جیتی تھی اس مرتبہ خیبرپختونخوا وائٹس اس روایت کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔