عوام کیلئے خوشخبری

عوام کیلئے خوشخبری،وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی

اسلام آباد: (مشرق نیوز) وزیراعظم شہبازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔ پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں18 روپے50 پیسے کی کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں40 روپے54 پیسے فی لیٹر کمی کردی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچی گررہی ہیں جس کے باعث ہم نے بھی تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سخت شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے جاتے جاتے آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ جب دنیا میں تیل کی قیمتیں بڑھ رہی تھیں تو گزشتہ حکومت نے اچانک تیل کی قیمتوں میں کمی کردی جس کا مقصد آنے والی حکومت کیلئے مشکلات پیدا کرنا تھا۔ ہمیں دل پر پتھر رکھ کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا پڑیں جس سے عام آدمی متاثر ہوا لیکن ہمارے پاس قیمتیں بڑھانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔ اب عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہوئی ہے تو ہم نے بھی قیمت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ پٹرول کی قیمت میں18 روپے50 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں40 روپے54 پیسے فی لیٹر کمی کررہے ہیں۔ آئندہ بھی عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں تو ہم عوام کو ریلیف دیں گے۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے بھی معاہدہ ہوچکا ہے، خدا کرے یہ آئی ایم ایف سے آخری معاہدہ ہو۔ ہمیں خودانحصاری اپناتے ہوئے اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا ہوگا۔ آئندہ چند ماہ میں زراعت، آئی ٹی اور برآمدی صنعت پر بھرپور توجہ دیں گے۔ ہمارا سامنے مشکل راستہ ہے لیکن ہماری اتحادی حکومت ہر مشکل کو عبور کرےگی۔

مزید پڑھیں:  شانگلہ دہشت گردی واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج