شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ،

شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر خودکش حملہ، 4 جوان شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر ہونے والے خودکش حملے میں 4 فوجی جوان شہید، آئی ایس پی آر
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں فوجی قافلے پر ہونے والے خود کش حملے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملے میں شہید ہونے والے جوانوں میں مانسہرہ کے رہائشی لانس نائیک شاہ زیب، عمر 22 سال، غزر کے رہائشی لانس نائیک سجاد، عمر 26 سال، کوہاٹ کے رہائشی سپاہی عمیر، عمر 25 سال اور نارووال کے رہائشی سپاہی خرم، عمر 30 سال شامل ہیں
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے خودکش حملے تحقیقات شروع کر دی ہیں، پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی مذمت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کی ہے ۔ انہوں نے 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے ملک کو دہشت گردی کی لعنت اور اس کے تمام مظاہر سے نجات دلانے کے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مذمت
وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں میر علی کے علاقے میں فوجی قافلے پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی وزیرِ ستان میں خودکش حملے کے نتیجے میں 4 جوانوں کی شہادت پر دلی دکھ اور رنج ہوا۔ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی

مزید پڑھیں:  مالدیپ انتخابات، صدر معیزو کی پیپلز نیشنل کانگریس پارٹی کامیاب