پٹرول کی قیمت

پٹرول کی قیمت میں اضافہ،آصف زرداری پریشان، مریم نواز ناراض

ویب ڈیسک: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے پر حکومتی اتحادی بھی پریشان ہو گئے۔ سابق صدر آصف زرداری نے پٹرول کی قیمت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
آصف زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت کا حصہ ہے اور ساتھ ہے اس طرح کے فیصلوں پر مشاورت ہونی چاہیے۔ ہم سب اس حکومت میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئے ہیں۔ عوام کو ریلیف دینا ہی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ آصف زرداری نے مزید کہا کہ ہم وزیراعظم کے ساتھ ہیں اور جلد ان سے ملاقات کروں گا، ملاقات میں معاشی ٹیم کے بارے میں بھی بات ہوگی۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حکومتی فیصلہ مسترد کر دیا۔
مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے جاری کردہ پیغام میں پٹرول کی قیمت میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میں عوام کے ساتھ کھڑی ہوں، اس فیصلے کی تائید نہیں کر سکتی۔ میاں نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کی۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف نے یہ بھی کہہ دیا کہ میں مزید ایک پیسے کا بوجھ عوام پر نہیں ڈال سکتا، اگر حکومت کی کوئی مجبوری ہے تو میں اس فیصلے میں شامل نہیں ہوں اور وہ میٹنگ چھوڑ کر چلے گئے۔
یاد رہے حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 72 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں اضافہ جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  قومی اسمبلی کا مشترکہ اجلاس آج طلب، دعوت نامے ارسال