سیلاب سے متاثرہ علاقوں

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو خصوصی مراعات کا پیکیج دینے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طالب علموں کیلئے خصوصی مراعات پیکیج دینے کی تیاری کا حکم دیدیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں چیئرمین ایچ ای سی، وی سیز اور وزارت تعلیم کے اعلیٰ حکام نےشرکت کی۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ تعلیمی پیکج کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ کو مراعات دی جائیں گی۔
اجلاس میں تعلیمی اداروں میں سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، متاثرہ علاقوں میں خوراک، خیموں کے علاوہ میڈیکل کیمپس اور عارضی سکول قائم کیے جائیں گے۔
مراعات کے خصوصی پیکج کے تحت فیس معافی، انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لیے خصوصی وظائف دیے جائیں گے، پیکج کی تیاری، عمل کے طریقہ کار کے لیے وزارت تعلیم اور ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے کام شروع کردیا۔
دوران اجلاس دی گئی بریفنگ کے مطابق تعلیمی پیکج میں یونیورسٹی کی واجب الادا فیسوں کی وصولی موخر کرنا شامل ہے، سیلابی علاقوں میں انڈر گریجویٹ اور گریجویٹ طلبہ کے لیے سکالرشپ پروگرام شروع کیا جائے گا۔
رانا تنویر حسین کی زیر صدارت اجلاس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں عوام کی فوری ضروریات کو پورا کرنے کے لیے حصہ ڈالنے پر بھی اتفاق، خوراک، خیموں، ادویات کی فراہمی، میڈیکل کیمپس کے قیام کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا

مزید پڑھیں:  کوئی ایمنسٹی سکیم نہیں ،ٹیکس دینا پڑیگا:وفاقی وزیر خزانہ