کیپٹن سمیت 5 اہلکار شہید

شمالی وزیرستان میں آپریشن،فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن سمیت 5 اہلکار شہید

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں سیکیورٹی فورسز کے کیپٹن سمیت 5 اہلکار شہید
ویب ڈیسک:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامی (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے ضلع بویا میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا اور سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کےکیپٹن سمیت 5 جوان بھی شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن میں وانا کے رہائشی 26 سالہ کیپٹن عبدالولی، نائب صوبیدار نواز، حوالدار غلام علی، لانس نائیک الیاس اور سپاہی ظفر اللہ نے جام شہادت نوش کیا۔
شہید نائب صوبیدار نواز کا تعلق ایبٹ آباد، لانس نائیک الیاس شہید اور سپاہی ظفر اللہ شہید کا تعلق میانوالی جبکہ حوالدار غلام علی شہید کا تعلق سرگودھا سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن میں مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جبکہ ہلاک دہشت گرد سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے سے دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرُعزم ہے، ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی.

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، وکیل کو حبس بے جا میں رکھنے پر پولیس کے خلاف ایف آئِی آر درج