شیخ رشید

گینگ آف تھری الیکشن نہیں روک سکتے، شیخ رشید

سابق وزیر داخلہ و سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گینگ آف تھری زرداری، نواز، فضل الرحمن الیکشن نہیں روک سکتے۔
ویب ڈیسک: سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کرپشن بچاؤ کے بعد سیاست بچاؤ مہم پر ہے، 6 ماہ میں معیشت نہیں سدھری، برآمدات نہیں بڑھیں، مہنگائی اور ڈالر نہیں رکا۔
سابق وزیر داخلہ نے حکومتی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ اقتصادی صورت حال نازک ہو گئی ہے، مزید ڈیڑھ کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے، باہر سے کوئی امداد آئی، نہ انہیں اندر سے مدد ملی۔
انہوں نے کہا کہ گینگ آف تھری زرداری، نواز اور فضل الرحمن انتخابات نہیں روک سکتے۔
دوسرے ٹوئٹر بیان میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں ایم کیو ایم کو کوئی لاش نہیں ملی، 2 وزارتیں ہم نے دیں۔ 2 انہوں نے دیں، ساتھ میں ان کو کراچی سے فارغ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری بے شک لاہور بیٹھیں، الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے۔ عمران خان اگلی انتخابی مہم سندھ سے شروع کرے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سمرقند میں بلاول کا چہرہ پڑھا جا سکتا ہے، پنجاب کی حکومت گرانے والے مرکز کی فکر کریں، ملک میں آٹا اور پٹرول نایاب ہو چکا ہے۔

مزید پڑھیں:  شانگلہ حملہ :چین کا ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ