مولانا فضل الرحمان

مولانا فضل الرحمان نے اسحاق ڈار کو لانے کے فیصلے کی تائید کر دی

پی ڈی ایم اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر خزانہ کے قلمدان کے لیے مفتاح اسماعیل کی جگہ اسحاق ڈار کو لانے کے فیصلے کی حمایت کردی۔
ویب ڈیسک: لاہور میں میڈیا سے بات چیت کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مفتاح اسماعیل کی جگہ اسحاق ڈار کو لانا معیشت کی بہتری کے لیے ایک کوشش ہے، عمران خان کے دور میں 5 وزرا خزانہ تبدیل ہوئے مگر آج مفتاح اسماعیل کی تبدیلی پر بات کی جا رہی ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ہاتھوں سے تباہ شدہ پاکستان ملا ہے، آج ہم مہنگائی کو رو رہے ہیں شکر کریں ملک کو نہیں رو رہے، کسی ملک کو تباہ کرنے کی سب سے بڑی کوشش سیاسی عدم استحکام ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاناما کی صورت میں پاکستان میں سیاسی عدم استحکام لایا گیا ہے، معاشی عدم استحکام پاکستان میں عمران خان کے ذریعے لایا گیا جس میں عالمی ادارے بھی ملوث تھے، عمران خان کی پشت پر یہودی لابی کام کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں ہمیں بہتر منصوبہ بندی کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کرنا ہے، ڈالر کو کنٹرول کرنے میں بنیادی کردار سٹیٹ بینک کا ہوتا ہے جس کی آزادی سلب کر کے آئی ایم ایف کو دے دی گئی.
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی اصل وجہ عمران خان ہے جس نے ریاست کو معاشی اعتبار سے کمزور کر دیا ہے، ساڑھے تین سال میں ملک کا معیشت کا بیڑا غرق کرنے والا ساڑھے تین ماہ میں ملک کو ٹھیک کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ، شدید بارشوں سے کمرے کی چھت گر گئی، ایک شخص جاں بحق ، 3 زخمی