سینٹورس مال

سینٹورس مال میں لگی آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

اسلام آباد میں قائم سینٹورس مال میں اچانک بھڑک اٹھنے والی خوفناک آگ پر امدادی ٹیموں کی بروقت کوششوں سے بغیر کسی جانی نقصان کے 2 گھنٹوں کے بعد قابو پا لیا گیا ہے، آتشزدگی کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات مکمل ہونے تک شاپنگ مال سیل
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سینٹوریس مال کو آج شام لگنے والی آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کے بعد آتشزدگی کی وجوہات معلوم کرنے کی تحقیقات مکمل ہونے تک سیل کردیا گیا ہے، آگ لگنے کی وجوہات جاننے کیلئے 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی، نوٹیفکیشن جاری۔
نجی شاپنگ مال میں لگی آگ پر 2 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد قابو پالیا گیا،نیوی، ایئرفورس سمیت ریسکیو1122 اور فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیوں نے آگ بجھانے کی کارروائی میں حصہ لیا،فوری طور پر آگ لگنے کی وجہ سامنے نہیں آسکی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق مال کے چوتھے فلور پر واقع فوڈ کورٹ کے کچن میں آگ لگی جو مال کے دیگر حصوں تک پھیل گئی، شاپنگ مال کی اونچائی کے باعث فائربریگیڈ کو آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا رہا۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہےکہ مال میں آگ لگنےکی وجوہات کی تحقیقات تک عمارت سیل رہےگی اور کسی کو بھی شاپنگ مال میں داخل ہونےکی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ نے نجی مال کو فوری سیل کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے اور آتشزدگی کی وجوہات کے تعین کے لیے 7 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کمیٹی کےکنوینر مقرر کیےگئے ہیں، کمیٹی آتشزدگی کے باعث نقصانات کا بھی تعین کرےگی۔

مزید پڑھیں:  شدید بارش سے124فیڈرز ٹرپ ،پشاور سمیت متعدد علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثر