لانگ مارچ کنٹینر پر فائرنگ

لانگ مارچ کنٹینر پر فائرنگ ہماری سیاسی پستی کا نتیجہ ہے،وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف کی وزیرآباد میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ کنٹینر پر فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت، کہا آج کا واقعہ ہماری سیاسی پستی کا نتیجہ ہے اور اس بات کی ثبوت ہے کہ ہم اپنے سیاسی نظریے اور سیاسی پسند ناپسند کے لیے جان لینے سے بھی گریز نہیں کرتے
ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیرآباد کے قریب تحریک انصاف کے لانگ مارچ کنٹینر پر فائرنگ اندوہناک واقعہ ہے جس میں پی ٹی آئی عمران خان بھی زخمی ہوئے ہیں، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں تشدد کا رجحان قوموں کو لے ڈوبتا ہے، سیاست بنیادی طور پر ڈائیلاگ کا نام ہے، ایک ایسے رشتے کا نام ہے جس سے مسئلوں کو حل کیا جاتا ہے، ان کو گمبھیر نہیں کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ جب سیاست میں نفرت، تقسیم اور تفریق کے بیج بوئے جائیں تو سیاست بہت مشکل ہو جاتی ہے اورسیاست ایک متشدد کلچر کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاستدانوں کے منہ سے مار دو، جلا دو جیسے الفاظ سے ان کے حامیوں کو تربیت ملتی ہے کہ سیاست میں متشدد راہ اپنانا غلط نہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ آج کے واقعہ سے سبق ملتا ہے کہ ہم سیاسی ورکر ہیں اور سیاسی ورکر کو امن اور گفتگو کو کلچر ترک نہیں کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں امن اور گفتگو کو ترک کر دیا جائے تو تشدد اور گولی کی زبان چلنا شروع ہوجاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں تشدد کی سیاست کو ہوا نہیں دینی چاہیے، تشدد ریاستوں اور معاشروں کو ’ان ڈو‘ کردیتا ہے۔

مزید پڑھیں:  ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی پی ٹی آئی کومذاکرات کی پیش کش