عمران خان اپنے محسن

عمران خان اپنے محسن کو بھی گالیاں دیتا ہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ عمران خان کے محسن لیکن یہ شخص محسن کش ہے، عمران خان اپنے محسن پر بھی صبح شام لعن طعن کرتا ہے۔
ویب ڈیسک: سیالکوٹ میں (ن) لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت ایک شخص کو اقتدار میں لایا گیا جس نے معیشت کو تباہ کر دیا، آج وہ کہہ رہا ہے کہ اس کے ساتھ انصاف کیا جائے، عمران خان اچانک پاکستان پر نازل نہیں ہوا اسے منصوبہ بندی کے ذریعے 2011ء کے بعد لانچ کیا گیا، ہم نے ملکی تباہی کو روکنے کی بھر پور کوشش کی مگر منصوبہ ساز اسے اقتدار منتقل کرنے میں کامیاب ہوگئے.
خواجہ آصف نے کہا کہ شہباز شریف کے خلاف بیرون ملک کی عدالت میں ایک اخبار نے جھوٹا بیان لگانے پر معافی مانگی، ہمارے خلاف ٹیلی ویژن پر مہم چلائی گئی، عمران خان کہتا تھا برطانوی عدالتوں میں انصاف ملتا ہے، اس نے شہباز شریف کو دو بار جیل بھیجا اور تیسری بار بھیجنے کی تیاری کر رہا تھا، ہم نے سیاسی خواتین کو کبھی نشانہ نہیں بنایا ہمارے قائد کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا، ایک مرد مجاہد رانا ثنا پر منشیات کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا جسے عدالت نے بری کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جنرل باجوہ عمران خان کا محسن ہے اور عمران خان اپنے محسن کو بھی گالیاں دیتا ہے، لوگ خانہ کعبہ کو چومتے ہیں لیکن اس نے خانہ کعبہ کی تصویر والی گھڑی کوڑیوں کے بھاؤ بیچ دی۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے قید میں سخت سردی کے موسم میں صرف دو کمبل دیے گئے، میری بیوی پورا پورا دن اینٹی کرپشن میں بیٹھی رہتی تھی، میرے خلاف کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے.

مزید پڑھیں:  چیف کمشنر اسلام آباد عہدے سے برطرف، منصب محمد علی رندھاوا کو ملنے کا امکان