23 دسمبر

عمران خان کا 23 دسمبر کو پنجاب اور کے پی اسمبلیاں توڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں تحلیل کردیں گے اور پھر 123 اراکین استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی جائیں گے۔
ویب ڈیسک:لبرٹی چوک کے جلسے کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں عمران خان کے ہمراہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان موجود تھے، ان کا کہنا تھا کہ جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے خوف ہے کہ ملک ڈوب جائے گا، 50 سال میں آج سب سے زیادہ مہنگائی ہے، 30 سال سے جوملک کو لوٹ رہے تھے ان کو اوپربٹھا دیا گیا.
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہم ڈیفالٹ کی طرف جا رہے ہیں، ایل سیز نہیں کھول رہے، ان کے پاس کوئی روڈ میپ نہیں ہے اور یہ چاہتے ہیں الیکشن کو ملتوی کریں
سابق وزیراعظم نے اعلان کیا ہے کہ 23 دسمبر کو پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑ دیں گے اور قومی اسمبلی میں اسپیکر کے سامنے کھڑے ہو کر استعفے منظور کرنے کا کہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم دو اسمبلیاں قربان کرتے ہیں اور الیکشن کے ذریعے ان چوروں کو شکست دیں گے، لوگوں کو پتا تھا ہم نے اسمبلی میں نہیں جانا پھر بھی مجھے جتوایا۔
ان کا کہنا تھا کہ نہیں چاہتا یہاں سری لنکا جیسے حالات ہوں اور لوگ سڑکوں پر آجائیں، چاہتا ہوں ہم الیکشن کے ذریعے ان کو شکست دیں.
ان کا کہنا تھاکہ میراسوال ہے رجیم چینج کا ذمہ دار کون ہے؟ جب معیشت اوپر جارہی تھی تو وہ کون ہے جس نے ان چوروں کواوپر بٹھایا؟ آج پاکستان کے وہ حالات ہیں ڈیفالٹ ریٹ سو فیصد ہے.

مزید پڑھیں:  معاشی صورتحال میں بہتری اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، شہباز شریف