صدر مملکت

صدر مملکت کا مراد سعید کی شکایات کے ازالے کیلئے چیف جسٹس کو خط

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مراد سعید کی شکایات کو دیکھنے اور ان کے ازالے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کو خط لکھ دیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں لکھا ہے کہ مراد سعید کو درپیش شکایات کا ازالہ کریں، مراد سعید نے شدید الزامات عائد کیے ہیں اور کہا کہ ان پر مدینہ شریف مدینہ والے واقعے کی بوگس ایف آئی آر ملک بھرمیں درج کی گئیں، وہ اس وقت پاکستان میں تھے، یہ آئین کی خلاف ورزی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مراد سعید نے مالاکنڈ سوات میں امن و امان کی بگڑتی صورت حال کا مسئلہ اٹھایا، انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں ملیں، آئین ہر شخص کو ملک بھر میں آزادانہ رہائش اختیار کرنے یا گھومنے کی اجازت دیتا ہے۔
صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ 18 اگست کو مسلح افراد مراد سعید کے گھر میں داخل ہوئے، پولیس نے اس واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی، نامعلوم افراد مراد سعید کا پیچھا کرتے ہیں اور انھیں جان سےمارنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاستی ادارے اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام ہو رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وفاقی وزیر و پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید نے مشکوک افراد کے تعاقب اور دھمکیوں پر صدر عارف علوی کو خط لکھا تھا۔

مزید پڑھیں:  بنوں، نامعلوم حملہ آوروں کے ہاتھوں ایف سی اہلکار قتل