جنیوا کانفرنس

جنیوا کانفرنس : سیلاب متاثرہ پاکستان کیلیے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد کا وعدہ

جنیوا کانفرنس میں سیلاب سے متاثرہ پاکستانی علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے لیے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد دینےکا وعدہ کیا گیا ہے جب کہ پاکستان کو پہلے مرحلے میں 8 ارب ڈالر درکار ہیں۔
ویب ڈیسک: کے مطابق پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے اقوام متحدہ کی اپیل اور پاکستان کی میزبانی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جینیوا میں عالمی کانفرنس جاری ہے جس کے کئی سیشن ہیں، جنیوا کانفرنس ’’موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والا پاکستان‘‘ کے عنوان سے ہو رہی ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوام ِمتحدہ انتونیو گوتیریس نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بڑا حصہ متاثر ہوا، تباہی کا خود مشاہدہ کیا اور تباہی کے مناظردیکھ کر دل ٹوٹ گیا، سیلاب سے 80 لاکھ کے قریب لوگ بے گھر ہوئے اور ملک کے بڑے حصے کو شدید نقصان پہنچا۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے خطاب میں سیلاب سے ہونے والی تباہی، بحالی کے لائحہ عمل سے متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کا دکھ درد محسوس کرنے پر تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتا ہوں، آج ہم تاریخ کے اہم موڑ پر کھڑے ہیں، سیلاب سے پاکستان میں بڑے پیمانے پرتباہی ہوئی، 33 ملین لوگ متاثرہوئے، مکانات، تعلیمی ادارے، زراعت کے شعبوں کو نقصان پہنچا، انفرااسٹرکچر کی تباہی کیساتھ معیشت بری طرح متاثرہوئی، متاثرین کی تعمیر نو اور بحالی کیلیے بڑے پیمانے پر امداد کی ضرورت ہے۔
فرانس کے صدر ایمانیوئیل میخواں، ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، ناروے کے وزیراعظم جوناس گارسٹور، یورپی کمشن کی صدر محترمہ ارسلا وونڈر لییین، سویٹزرلینڈ کے فیڈرل قونصلر اور خارجہ امور کے فیڈرل ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ اگنیزیو کیسیس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

مزید پڑھیں:  تمام انتظامات بے سود، ڈی آئی خان، بنوں اور مالاکنڈ میں میٹرک کے پیپرز لیک