جینیوا کانفرنس

جینیوا کانفرنس میں 9.7 ارب ڈالرامداد کا اعلان ہوا، وزیراعظم شہبازشریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جینیوا کانفرنس انتہائی کامیاب ثابت ہوئی، کانفرنس میں 9.7 ارب ڈالر امداد کا اعلان ہوا۔
ویب ڈیسک: اسلام آباد میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا جینیوا کانفرنس انتہائی کامیاب ثابت ہوئی، کانفرنس کی کامیابی قوم کی دعاؤں اور اخلاص کا نتیجہ ہے، یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، سیلاب متاثرین کی دوبارہ آبادکاری تک کوششیں جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بال اب ہمارے کورٹ میں ہے، ایک ایک پائی عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح پر استعمال کرنی ہے، اب ہم نے شبانہ روز محنت کر کے عوام کی خدمت کرنی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کانفرنس کے دوران مجموعی طور پر 9.7 ارب ڈالر کی امداد کے وعدے کیے گئے، سب سے بڑی امداد کا اعلان اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے 4.2 ارب ڈالر کا کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ورلڈ بینک نے 2 ارب ڈالر اور ایشین انفرا اسٹرکچر ڈیویلپمنٹ بینک نے ایک ارب ڈالر کا اعلان کیا، اے ڈی بی نے 500 ملین ڈالر کا اعلان کیا۔
وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اٹلی نے 23 ملین یورو اور جاپان نے 77 ملین ڈالر کا اعلان کیا، قطر نے 25 ملین ڈالر اور سعودی عرب نے ایک ارب ڈالر کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا جس پر ان کے شکر گزار ہیں، امریکا کی جانب سے بھی 100 ملین ڈالر امداد کا اعلان کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  سپریم کورٹ: سرکاری و نجی عمارتوں کے باہر تجاوزات ہٹانے کا حکم