قرآن پاک کی بے حرمتی

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پرمسلم دنیا کاشدید احتجاج

ویب ڈیسک:سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی پر مسلم دنیا نے شدید احتجاج کیا ہے، دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے انتہا پسندوں نے سویڈن کے نیٹو میں شمولیت کی مخالفت کرنے پر ترکیہ کے خلاف اسٹاک ہوم میں مظاہرے کے دوران قرآن کے اوراق جلائے جس پر مسلم دنیا نے شدید غم اور غصے کا اظہار کیا ہے۔پاکستان ، ترکی، سعودی عرب،قطر،ایران، عراق، کویت، اردن اور اوآئی سی نے قرآن مجید کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے ، ہماری مقدس اقدار کی توہین اور اسلام مخالف فعل کی اجازت دینا ناقابل قبول ہے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین برہیم طحہ نے بھی سٹاک ہوم میں ترکی کے سفارت خانے کے سامنے قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کے واقعے کی مذمت کی ہے۔ قطر نے مظاہروں کی اجازت دینے پر سویڈش حکام کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو مشتعل کرنے کا ایک انتہائی سنگین واقعہ ہے۔ قطر مذہب کی بنیاد پر ہر قسم کی نفرت انگیز تقاریر کو مسترد کرتا ہے، ترک وزیر خارجہ نے اپنا دور ہ سویڈن بھی منسوخ کردیا۔ سعودی عرب نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ اسی طرح ایران اور عراق نے اس معاملے پر سویڈن کے سفارت کاروں کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اردن اور کویت سمیت دیگر عرب ممالک نے بھی قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی مذمت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرنے کی سازش قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ سویڈن میں دائیں بازو کے انتہاپسند کی جانب سے قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہار کے لبادے کو دنیا بھر میں بسنے والے ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم پاکستان کا مزید کہنا تھا سویڈن میں دائیں بازو کے انتہا پسند کی جانب سے کیا گیا شرمناک فعل ناقابل قبول ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھنائونے فعل کی مذمت کرتا ہے۔ سپیکر وڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گھنائونے فعل سے مسلمانوںکے جذبات مجروح ہوئے۔

مزید پڑھیں:  جمرود، لاپتہ 9 سالہ بچے کی نعش برآمد ، تحقیقات شروع