عدالت نے فواد چودھری کا مزید 2 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا

جوڈیشل مجسٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری کا مزید 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دینے کے کیس میں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاض احمد راجہ نے شام 6 بجے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے فواد چودھری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا اور پولیس کو حکم دیا کہ وہ پیر کو فواد چوہدری کو دوبارہ عدالت میں پیش کریں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے جاری ہونے والے پانچ صفحات پر مبنی تحریری فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ پراسیکوٹر نے فواد چوہدری کے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی اور بتایا کہ فوادچودھری کا موبائل لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیوائسز برآمد کرنی ہیں، پراسیکیوٹر کے مطابق فوادچودھری کا فوٹوگرامیڑک ٹیسٹ کروانا ضروری ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے وکیل کی جانب سے بھی فواد چوہدری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، فریقین کے دلائل سننے کے بعد دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جاتا یے، جس کے بعد انہیں 30 جنوری کو دوبارہ عدالت پیش کیا جائے۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر کو میرٹ کی بنیاد پر تفتیش کرنے کا سختی سے حکم دیاجاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  برطانیہ میں کسانوں کا احتجاج،پارلیمنٹ کا گھیراؤ