زلزلہ ے اموات

تباہ کن زلزلہ، ترکیہ و شام میں اموات کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کر گئی

ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے مجموعی طور پر اموات کی تعداد 8 ہزار سے تجاوز کرگئی، ترکیہ میں 5 ہزار 894 اور شام میں 2 ہزار 470 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق ترکیہ اور شام میں 7.8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی، کم و بیش ایک ہزار سے زائد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن چکی ہیں، دونوں ممالک میں اموات کی مجموعی تعداد 8 ہزارسے تجاوز کر چکی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد اب بھی متعدد افراد کا ملبے تلے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے، ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے دن رات ریسکیو آپریشن جاری ہے تاہم شدید سردی اور بعض علاقوں میں برفباری کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کے ساتھ ساتھ متاثرین کو بھی کٹھن حالات کا سامنا ہے، ترکیہ میں عمارتوں کے ملبوں سے8 ہزار سے زائد افراد کو نکالا جا چکا ہے۔
ترک صدررجب طیب اردگان نے زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 صوبوں میں تین ماہ کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا جو کہ 14 مئی کو ہونے والے انتخابات سے قبل ختم ہو جائے گی۔
دوسری جانب امدادی اہلکاروں نے شام کی صورت حال کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے جو پہلے ہی تقریباً 12 سال کی خانہ جنگی کے بعد انسانی بحران سے دوچار ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے باعث اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ زلزلے اور آفٹر شاکس کے بعد ہلاک ہونے والوں میں ہزاروں بچے بھی شامل ہو سکتے ہیں ۔
اقوام متحدہ نے جنیوا میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے کے باعث بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والا شدید نقصان امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہا ہے ۔

مزید پڑھیں:  مریم نواز کے سکواڈ کی گاڑی کی ٹکرسے نوجوان جاں بحق