پختونخواسے ریلوے مسافروں میں اضافہ ہوا،مال بردارسروس کی بہتری پرتوجہ

ویب ڈیسک: پاکستان ریلوے نے وسائل اور آمد ن میں اضافہ کیلئے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی کے تحت خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر ایوان ہائے صنعت وتجارت کے ساتھ گفت وشنید کا سلسلہ شروع کردیا ہے جبکہ افغانستان کو کوئلہ کی بر آمدات کا سلسلہ بھی اگلے ماہ سے بحال کردیا جائے گا اس سلسلے میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پشاور ریلوے ناصر خلیلی کے مطابق ریلوے کی ترقی کیلئے ٹرانسپورٹ پالیسی کے تحت اقدامات لئے جارہے ہیں جس کی روشنی میں پنڈی سے کراچی تک گرین لائن سروس کامیابی سے چل رہی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی مختلف ٹریکس پر ریل چلانے کیلئے فزیبلٹی پر کام ہورہا ہے مشرق دفاتر کے دورہ کے موقع پر انہوں نے اپنی بات چیت میں بتایا کہ ریلوے کے تجارتی وسائل میں اضافہ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے
اس وقت تمام ڈرائی پورٹس ریلوے کے زیر انتظام چل رہے ہیں مال بردار ٹرین چلانے کی وجہ سے ریلوے کے وسائل میں اضافہ ہوگا جس کیلئے پشاور، مردان اور سیالکوٹ کے ایوان ہائے صنعت وتجارت کو پیشکش کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے انہوں نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے ریلوے کو مجموعی طور پر فائدہ ہوگا کیونکہ صرف6ماہ میں کوئلہ کی ترسیل سے2ارب 60کروڑ روپے کی آمدن ہوئی تھی یہ سلسلہ آئندہ مہینے15تاریخ سے دوبارہ بحال ہونے جارہا ہے
جس سے آمد ن کے نئے ذرائع پیدا کئے جائیں گے ان کا کہنا تھا کہ ریلوے ٹریکس کی بحالی پر بھی کام ہورہا ہے اور خیبر، تخت بہائی اور پاڑہ چنار تک ریل چلانے کیلئے بھی سفارشات وتجاویز پر کام ہورہا ہے اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ ریلوے کو ٹکٹ بڑھانے کی ضرورت کم ہوجائے گی اور ریلوے کے خسارے میں بھی کمی آئے گی انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ بہت جلد ریلوے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے وزارت ریلوے کے اقدامات کے مثبت نتائج لوگوں کے سامنے آئیں گے اور مال بردار ی سمیت لوگوں کی آمدورفت کے ذرائع بھی بڑھ جائیں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت خیبر پختونخوا میں پشاور اور کوہاٹ سے ریلوے میں لوگوں کا سفر زیادہ ہورہا ہے
جہاں پر مسافروں کو ہر قسم کی سکیورٹی کے ساتھ ساتھ بہترین سفری سہولیات دی جارہی ہیں حکومت نے اس ضمن میں سنجیدہ اقدامات تجویز کئے ہیںجس پر عملدر آمد کیلئے ہر ممکن اقدامات لئے جارہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کے تمام ٹَیسٹ کلیئر، رپورٹ اعلیٰ حکام کو ارسال