چیئرمین پی ٹی آئی اسد عمر

چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹکراؤ کی پالیسیوں سے متفق نہیں اس لیے عہدہ چھوڑا، اسد عمر

تحریک انصاف کے رہنما اسد عمرکا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی ٹکراؤ کی پالیسیوں سے اتفاق نہیں کرتا اس لیے عہدہ چھوڑا۔
ویب ڈیسک: نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں اسد عمر نے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف نے ایک کروڑ 68 لاکھ ووٹ لئے جبکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے مجموعی طور پر سوا 2 کروڑ ووٹ لئے، اس لئے سیاسی طور پر یہ نہیں کہہ سکتے کہ جنہیں سوا 2 کروڑ لوگوں نے ووٹ ڈالا ان سے سیاسی مسائل حل کرنے کیلئے بات نہیں کروں گا۔
تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ جرم کئے ہیں تو اپنا نظام بہتر کریں مگر سیاسی ڈائیلاگ سے منع نہیں کر سکتے، اس وقت ملک جس نہج پر پہنچ چکا ہے سب کو دو قدم پیچھے ہٹنا پڑے گا، اپنی پوزیشن پر کمپرومائز کر کے حل نکالنا پڑے گا ورنہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ میں ٹکراؤ کی اسٹریٹجی سے متفق نہیں تھا، چیئرمین پی ٹی آئی جو مرضی اسٹریٹجی اپنائیں، میں اتفاق نہیں کرتا، سیکرٹری جنرل کا کام مفت مشورہ دینا نہیں بلکہ اسٹریٹجی پر عمل کرنا ہے، جس اسٹریٹجی سے اختلاف کر رہا ہوں پھر اس پر عمل بھی نہیں کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ میں 9 مئی سے پہلے سے ہی اختلاف کر رہا تھا لیکن 9 مئی کو جو ہوا وہ ایک مختلف سطح پر تھا، جو چیزیں پہلے کہہ رہے تھے وہ 9 مئی کو نظر آئیں، میں کہتا رہا کہ ہم خطرات کو صحیح طریقے سے بھانپ نہیں پا رہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خواجہ سرا شدید زخمی، تھقیقات شروع