ملک کیلئے خطرہ

ملک کیلئے خطرہ بننے والی پی ٹی آئی کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا، رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ملک کیلئے خطرہ اور تباہی کا باعث بننے والی پی ٹی آئی کی حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا گیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق مارگلہ ایونیو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم نے دو انتہائی اہمیت کے حامل پراجیکٹس کا افتتاح کیا، ان منصوبوں کا افتتاح ایک تسلسل ہے، شہباز شریف نے ہمیشہ خدمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک حکومت ملک کیلئے خطرہ اور تباہی کا باعث بن رہی تھی، اب فتنے کا ادراک اور شناخت ہو چکی ہے، میں پوچھتا ہوں کہ ایک کروڑ نوکریاں دینے والے لوگ کہاں ہیں؟ ہمارے دور میں پوری دنیا کے اخبار لکھ رہے تھے کہ پاکستان ایشین ٹائیگر بننے جا رہا ہے، ہم نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان آگے بڑھا 12 اکتوبر کسی نہ کسی شکل میں آ جاتا ہے، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نا اہل کیا گیا، ترقی کا عمل 2018 سے شروع ہوگا، آج ہماری سب کی ذمہ داری ہے کہ اس موقع پر پاکستان کی خدمت کرنے والی جماعت کا ساتھ دیا جائے۔

مزید پڑھیں:  خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان