فواد چودھری ناقابل ضمانت وارنٹ

توہین الیکشن کمیشن کیس: فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

توہین الیکشن کمیشن کیس میں فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔
ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی، جس میں الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، جس میں فواد چودھری کے معاون وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کیس ملتوی کرنے کی درخواست کی۔
دوران سماعت اسلام آباد پولیس کے اہل کار نے بتایا کہ میں فواد چودھری کے وارنٹ کی تعمیل کے لیے ان کی رہائش گاہ گیا، جہاں ان کے بھائی فیصل چودھری ملے اور انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف سیاسی مقدمات ہیں، وہ ہمیں بھی نہیں ملے۔
ممبر الیکشن کمیشن نے استفسار کیا کہ کیا فواد چوہدری آئے ہیں؟ وہ نہ خود آئے اور نہ ہی استثنیٰ کی کوئی درخواست دی ہے، جس پر معاون وکیل نے جواب دیا کہ ہائی کورٹ میں آج وکیل الیکشن کمیشن نے دلائل دینے ہیں، کیس ملتوی کردیں کیوں کہ ہائی کورٹ ایک دو دن میں فیصلہ کردے گی۔
الیکشن کمیشن نے معاون وکیل فواد چودھری کی جانب سے کی گئی استدعا مسترد کردی اور کیس میں فواد چودھری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے، الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کے خلاف توہین کمیشن کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کر دی۔

مزید پڑھیں:  روس نے یوکرین پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کیا ہے، امریکہ