پشاور،محرم سیکورٹی پلان،13500پولیس اہلکار ڈیوٹی دیںگے

ویب ڈیسک:پشاور میں محرم الحرام کے دوران امن وامان کی صورتحال برقراررکھنے کیلئے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی جس کے دوران 13500 پولیس اہلکار وافسران ڈیوٹی دینگے۔ پشاور میں مجموعی طور پر62امام بارگاہوں میں 116ماتمی جلوسوں اور 316 مجالس منعقد ہوں گی جن میں20امام بارگاہوں ، 26ماتمی جلوس اور 9مجالس کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔8،9اور 10محرم کو موبائل فون سروسز بند کرنے سمیت افغان مہاجرین کے داخلے پر بھی پابندی عائد کرنے فیصلہ کیاگیا ہے جبکہ جلوسوں کی مانیٹرنگ ڈرون کیمروں کے ذریعے کی جائے گی۔ شہر بھر میں مجموعی طور پر 200سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں
سپریم کمانڈ پوسٹ کے علاوہ 7کمانڈ پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی،پولیس لائنز پشاور میں سیکورٹی پلان پر بریفنگ دیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز ہارون الرشید نے بتایا کہ پشاور کی 10ایسی امام بارگاہیں ہیں جہاں زیادہ توجہ دی گئی ہے اور نفری بھی زیادہ تعینات کی جائے گی ۔اس کے علاوہ مجموعی طور پر 13ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینگے، ساڑھے 3ہزار اہلکاروں کو داخلی و خارجی راستوں پر تعینات کیا جائے گا، اندرون شہر کی مانیٹرنگ کیلئے سنٹرل مانیٹرنگ سسٹم تھانہ خان رازق شہید میں قائم کیا جائے گا جبکہ پاک فوج اور ایف سی کو سٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔
محرم کے دوران شہر کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے بکتر بند گاڑیاں بھی حساس مقامات پر موجود رہیں گی جبکہ آرآر ایف، اے ٹی ایس، لیڈیز پولیس، بی ڈی یو، ابابیل سکواڈاور سٹی پٹرولنگ فورس بھی سکیورٹی کو موثر بنانے کیلئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سٹریٹ کرائمز میں ملوث ملزمان کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔

مزید پڑھیں:  9 مئی کے ذمہ داروں کو نشان عبرت بننا چاہئے ،گورنر خیبرپختونخوا