بجلی بلوں میں ریڈیو فیس

بجلی بلوں میں 15 روپے ریڈیو کی فیس بھی شامل ہوگئی

ویب ڈیسک: حکومت نے عوام پر بوجھ بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بجلی کے بلوں میں ٹی وی فیس کے ساتھ اب ریڈیو فیس بھی دینا ہوگی۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ٹی وی فیس کے ساتھ ریڈیو فیس بھی شامل ہوگی۔
35 روپے ٹی وی اور 15 روپے ریڈیو فیس بلوں میں عائد کی جائے گی۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ایف بی آر کو فنانس بل کے حوالے سے 97 سفارشات موصول ہوئیں، سینیٹ کی 77 سفارشات کو فنانس بل کا حصہ بنایا اور 15 سفارشات پر جزوی طور پرعمل کیا، 6 سفارشات کو مسترد کیا گیا۔ گورنر سٹیٹ بینک کے مطابق کابینہ کی منظوری سے اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز بینک بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، سال 2022ء میں ایس ایم ای بینک کو 1.4 ارب روپے کے نقصانات ہوئے، ایس ایم ای بینک کو اس سال پہلے 6 ماہ میں 80 کروڑ روپے نقصان ہوا، ماہانہ نقصانات 10 کروڑ سے ساڑھے 12 کروڑ روپے ہیں۔
وزارت خزانہ یا حکومت ایس ایم ای بینک کو مزید فنڈز فراہم نہیں کر سکتے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ مختلف بینکوں نے ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کام شروع کر دیا ہے، سینٹرل بینک ڈیجیٹل کرنسی کے حوالے سے کام کر رہا ہے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ شکر ہے کہ اب اسٹیٹ بینک خود اس پر کام کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں اہم شخصیات کی سیکیورٹی کیلئے الگ ونگ بنانے کا فیصلہ