یوم آزادی گلیاں اور بازار

یوم آزادی، گلیاں اور بازار سبز ہلالی پرچم سے سج گئے

ویب ڈیسک: یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے پشاور کی گلیاں اور بازار سبز ہلالی پرچم سے سج گئے، قصہ خوانی بازار میں سب سے زیادہ قومی پرچموں، بیجز، سٹیکرز اور رسٹ بینڈز کے سٹالز شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ پاکستان کے 77ویں یوم آزادی کے موقع پر پشاوریوں کیلئے میز پر رکھنے کیلئے چھوٹے جھنڈوں سے لیکر گھروں پر لگانے کیلئے بڑے جھنڈوں تک ہر سائز میں قومی پرچم دستیاب ہیں، دکانداروں نے سڑک کنارے خصوصی سٹالز قائم کر لئے ہیں جس میں پاکستانی جھنڈوں سے مزین بیجز، رسٹ بینڈز اور سٹیکرز بھی دستیاب ہیں۔ قصہ خوانی بازار کے تاجروں کے مطابق قصہ خوانی میں زیادہ ورائٹی دستیاب ہونے کی وجہ سے صوبے کے مختلف اضلاع سے بھی تاجر یہاں کا رخ کرتے ہیں اور یہاں سے سامان خرید کر اپنے آبائی علاقوں میں فروخت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے یوم آزادی کا دن قریب آتا جائیگا، بازاروں میں رش بڑھتا جائیگا اور مذکورہ سامان کی طلب میں بھی اضافہ ہوگا، پشاور میں اس سامان کی بڑی حد تک تیاری کی جاتی ہے تاہم طلب بڑھنے کی وجہ سے لاہور سے بھی سامان درآمد کیا جاتا ہے۔ قصہ خوانی بازار کیساتھ ساتھ پشاور کے کئی دیگر بازاروں میں بھی جشن آزادی کے سلسلے میں تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے ہر گلی اور چوراہے پر سٹالز لگائے گئے ہیں جن میں شہری دلچسپی لے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف رہنما رؤف حسن کا مزید 3روزہ جسمانی ریمانڈ منظور