پی ٹی آئِی چیئرمین شپ، عمران خان دستبردار، بیرسٹر گوہر امیدوار نامزد

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کے لئے پی ٹی آئی کی تیاریاں مکمل، سابق وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین شپ کے عہدے سے دستبراری کا اعلان کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کو بطور امیدوار نامزد کر دیا۔
سینیٹر علی ظفر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ انٹرا پارٹی انتخابات میں بیرسٹر گوہر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ ہونے تک چئیرمین پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات میں حصہ نہیں لینگے۔
یاد رہے کہ اس موقع پر بیرسٹر گوہر بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انٹرا پارٹی الیکشن کا حکم دیا گیا تھا اس لئے تمام کارروائی کی گئی، پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے الیکشن کمیشن کو تمام پروسیجر سے آگاہ کر دیا ہے۔
سینیٹر علی ظفر کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 20 دن کے اندر انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا حکم دیا گیا تھا اس لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، ہم ہفتے کے دن انٹرا پارٹی الیکشن کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان انٹرا پارٹی الیکشن نہیں لڑ رہے تاہم ان کی جانب سے منظوری دیدی گئی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ہی بیرسٹر گوہر کا نام تجویز کیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ وہ بلے کا نشان کسی صورت واپس لینے نہیں دیں گے، میں جنرل الیکشن میں حصہ لوں گا، انٹراپارٹی الیکشن کوئی معنی نہیں رکھتا۔
پریس کانفرنس کے دوران بیرسٹر گوہر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس اہم عہدہ کیلئے میرے نام کی منظوری دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا وہی نظریہ ہے جو چیئرمین پی ٹی آئی کا ہے۔ خان صاحب چاہے جیل میں ہوں یا باہر وہی ہمارے لیڈر ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے پرعزم انداز میں‌ کہا کہ جب تک خان صاحب باعزت باہر نہیں آجاتے میں ذمہ داری نبھانے کیلئے تیار ہوں۔

مزید پڑھیں:  روس اور چین کے صدور کا باہمی تعاون پر زور