ہیومین کیپٹل ایکسپورٹ سٹریٹیجی، 5لاکھ نوجوانوں کوبیرون ملک بھیجنے کا اعلان

ویب ڈیسک: نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ( ر ) سید ارشد حسین شاہ نے بدھ کے روز پشاور پریس کلب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 64 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والے 25KV سولر سسٹم کا افتتاح کیا۔ سولر سسٹم کی تنصیب سے پشاور پریس کلب کو بجلی کے بلوں کی مد میں سالانہ 20 لاکھ روپے تک کی بچت ہوگی۔ نگراں وزیراطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری، سیکرٹری اطلاعات عبد الجبار شاہ اور ڈائریکٹر جنرل اطلاعات محمد عمران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت نے صوبے میں خوشحال پختونخوا پروگرام کا آغاز کیا ہے
جس کے تحت لوگوں کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے کام کئے جائیں گے ۔ہم نے گورننس کو عوام کی خدمت کے اصولوں پر بہتر بنانا ہے اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے ۔ نگراں حکومت نے ریونیو کے دیرینہ مسائل کے حل ، تجاوزات کے خاتمے ، گراں فروشی ، ملاوٹ، کرائمز ، ٹریفک کے مسائل اور منشیات کے خلاف صوبہ بھر میں سخت مہم کا آغاز کیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ منشیات کے خلاف مہم میں نگران حکومت کو صحافیوں کے تعاون اور رہنمائی کی ضرورت ہو گی ۔ منشیات مافیا نے سکولوں ، کالجوں ، یونیورسٹیوں کو اپنا گڑھ بنا لیا ہے اس لئے ان کے خلاف جہاد میں حکومت کو صحافیوں کے تعاون کی بھر پور ضرورت ہے ۔
ارشد حسین کا کہنا تھا کہ صوبہ بھر میں زراعت و لائیو سٹاک کے محکموں کے ذریعے لوگوں کو اچھی پیداوار کی تربیت دی جائے گی تاکہ صوبے کے عوام خوشحال ہو سکیں۔ ہم نے اپنے نوجوانوں کو با روزگار بنانے کیلئے ہیومین کیپٹل ایکسپورٹ سٹریٹیجی مرتب کی ہے جس کے تحت اگلے سال پانچ لاکھ نوجوانوں کو بیرون ملک بھیجا جائے گا۔ ارشد حسین نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق ہنر سکھائے جائیں گے تاکہ انہیں بیرون ملک روزگار کے بہتر مواقع میسر آ سکیں ۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کیلئے ناگزیر ہے ۔ میڈیا عوام اور حکومت کے درمیان رابطے کا ایک موثر ذریعہ ہے میڈیا ہماری نظریاتی سرحدوں اور آزادی کی ترجمانی کرتا ہے اور حکام تک عوامی مسائل کو پہنچاتا ہے ۔ صحافت ایک عظیم مشن ہے جبکہ صحافی کاکام بہت مشکل اور محنت طلب ہو تا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پشاور پریس کلب کیلئے تین کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔

مزید پڑھیں:  پی ٹی آئی پر پابندی سے متعلق مشاورت جاری ہے ،وزیر دفاع