حماس اوراسرائیل کےمابین جنگ بندی میں توسیع،46یرغمالی رہا

ویب ڈیسک: حماس اور اسرائیل کے مابین جاری جنگ بندی میں تیسری بار توسیع کر دی گئی، 24 نومبر کو پہلی بار جنگ بندی کی گئی جو 4 دنوں کیلئے تھی اس کےبعد 2 روز جبکہ اب ایک دن مزید جنگ بندی کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ جنگ بندی کےبارے میں صیہونی افواج کا کہنا ہے کہ متحارب فریقین کے مابین مزید ایک دن کی توسیع یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کی گئی ہے تاہم کتنے یرغمالی رہا کیے جائیں گے یہ تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔
حماس اوراسرائیل کے مابین حالیہ جنگ بندی صرف ایک دن کیلئےہے، اس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یرغمالیوں کی رہائی کے عمل کو جاری رکھنے اور فریم ورک کی شرائط کے تحت ثالثوں کی کوششیں بارآور ثابت ہو رہی ہیں، جنگ بندی میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔
قطر اور مصر سمیت دیگر ممالک کی جانب سے کی جانیوالی کوششوں کی بدولت یہ تیسری جنگ بندی ہے۔ یاد رہے کہ اس جنگ بندی کے بارے میں اسرائیل کےبعد حماس کی جانب سے بھی تصدیق کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حماس اور اسرائیل کے مابین 6 روزہ عارضی جنگ بندی آج صبح ختم ہو رہی تھی، یرغمالیوں کے ایک آخری گروپ کو درجنوں فلسطینی قیدیوں کے بدلے رات گئے غزہ سے رہا کیا گیا تھا۔
مزید تباہی بند کرنے اور امدادی کارروائیوں کیلئے دونوں فریقین پر دباؤ تھا، اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی لازمی تھا کہ جنگ سے ہونے والے بھاری جانی و مالی نقصان کے ازالے، مزید یرغمالیوں کی رہائی اور تباہ حال غزہ میں اضافی امداد پہنچانے کی اجازت دینے کے لیے جنگ میں وقفہ کیا جائے۔
جنگ بندی کے معاہدے کے تحت آخری روز حماس کی جانب سے مزید 16 یرغمالیوں کو رہا کیا گیا۔ رہا ہونے والے روسی اور تھائی شہری رفاح بارڈر پر ریڈ کراس کے حوالے کئے گئے۔
واضح رہے کہ 6 روزہ عارضی جنگ بندی کے دوران مجموعی طور پر287 قیدی رہا کئے گئے جس میں حماس کی جانب سے 101 جبکہ اسرائیل نے 186 یرغمالیوں کو رہا کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید جنگ بندی کیلئے حماس کی قید سے مزید 10 یرغمالی رہا کرنے کو بنیادی شرط قرار دیا جا رہا ہے جس پر حماس ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے اسرائیلی تجاویز سے مطمئن نہیں۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ٹویٹ کرتے ہوئے ترجمان قطری محکمہ خارجہ ماجد محمد الانصاری کا کہنا تھا کہ حماس کی جانب سے رہائی پانے والے یرغمالیوں میں دوہری ڈچ شہریت کے حامل بچے سمیت 3 جرمن اور ایک امریکی بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ حماس نے عارضی جنگ بندی معاہدے کے چھٹے اور آخری روز 4 غیرملکیوں سمیت 16 یرغمالی رہا کردیے جبکہ اس کے بدلے اسرائیل کو بھی مزید 30 فلسطینی رہا کرنے پڑے۔

مزید پڑھیں:  کراچی میں فائرنگ واقعہ کے دوران 5 افراد جاں بحق