پاکستان کے مستقبل کے فیصلے عوام کو کرنے دیں‘بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کے فیصلے عوام کو کرنے دیں ‘ عوام ملک کی قسمت نفرت اور تقسیم کی سیاست کرنے والوں کے حوالے نہ کریں ‘ہمیں روایتی اور پرانی سیاسی سوچ کو چھوڑنا پڑے گا۔
کوئٹہ میں بلوچستان بار کونسل سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سنا ہے میاں صاحب جب تیسری دفعہ وزیراعظم بنے تو لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی، اب کونسی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے؟ انشاءاللہ سندھ، بلوچستان اور وفاق میں حکومت بناکر گرین انرجی پارکس بنائیں گے، غریب لوگوں کو 200 سے 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کی جائےگی۔
اسلام آباد میں بیٹھے بابو کو نہیں پتا مسائل کیا ہیں، بابو خود کام کرتے ہیں نا کسی کو کرنے دیتے ہیں، مسائل حل کرنے کے لیے اسلام آباد سے دور رہ کر آپ سے مشورہ کرنا پڑے گا‘ملک جس طریقے سے چل رہا ہےاس طریقے سے نہیں چلا سکتے، بلوچستان،سندھ،خیبرپختونخوا،پنجاب کے عوام میں احساس محرومی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام جب فیصلہ کرلیتے ہیں توکوئی طاقت انہیں نہیں روک سکتی، وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کے فیصلے عوام کو کرنے دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام سے درخواست ہے8 فروری کو ان کو سرپرائز دیں جنہوں نے اپنا فیصلہ لے لیا ہے،ہم نفرت، انا اور تقسیم کی سیاست کو دفن کرکے آگے بڑھیں گے۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے پرآصف زرداری کی سوچ کے مطابق کام نہیں ہورہا، عوام کو معیشت، معاشرت اور سیاست میں حصے دار بنانا پڑےگا۔

مزید پڑھیں:  بابر سلیم سواتی کا نام پی این آئی ایل میں شامل کرنے پر وفاق سے جواب طلب