پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج معذورافراد کا عالمی دن منایا جارہا ہے

ویب ڈیسک: ڈبلیو ایف این اور عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں معذور افراد کی تعداد تقریباً ایک ارب 30 کروڑ ہے، جن میں سے تقریباً 9 کروڑ 30 لاکھ بچے ہیں۔ پاکستان دنیا میں پانچویں بڑی آبادی والا ملک ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 70 لاکھ ہے۔
معذور افراد کی 80 فیصد تعداد مختلف ترقی پذیر ممالک میں رہائش پذیر ہے جہاں انہیں کسی قسم کی سہولیات میسر نہیں ہے۔
معذور افراد کا عالمی دن منانے کا آغاز سال1992 میں کیاگیاتھا۔ اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں معذوروں کے مسائل کو اُجاگر کرنا اور معاشرے میں ان کی اہمیت کواُجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام میں معذور افراد کے مسائل، مساوی حقوق، فلاح و بہبود اور احترام کا شعور بیدار کرنا ہے کہ ایسے افراد بھی معاشرے کا کارآمد فرد ثابت ہوسکتے ہیں۔
خصوصی بچوں کے والدین کیلئے بھی یہ صورتحال کسی کڑے امتحان سے کم نہیں، ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کو احساس کمتری کا شکار ہونے سے بچانے کیلئے انہیں مکمل توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جنہوں نے اپنی کسی کمی کو آڑے نہیں آنے دیا اور ہمت وحوصلہ سے حالات کا مقابلہ کیا۔
ماہرین کے مطابق اگر معذور افراد کی صلاحیتوں پر اعتماد کیا جائے اور بہتر مواقع فراہم کئے جائیں تو یہ افراد بھی معاشرے کا ایک فعال حصہ بن سکتے ہیں، ایک اندازے کے مطابق دنیا کی کل آبادی میں سے 15 فیصد خصوصی افراد پر مشتمل ہے جن کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  فلسطین اولمپک کمیٹی کا اسرائیل کو مقابلوں سے خارج کرنے کا مطالبہ