غزہ : وحشیانہ بمباری سے دو روز میں 700سے زائد فلسطینی شہید ہو گئے

ویب ڈیسک:غزہ میں عارضی جنگ بندی ختم ہونے کے بعد گزشتہ دو روز سے اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری ‘400 سے زائد حملوں کے دوران700 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیاگیا۔
ذرائع کے مطابق غزہ کی رہائشی عمارتیں وحشیانہ بمباری کا نشانہ بن گئیں ،شہر کو پانی پہنچانے والی مین سپلائی لائن بھی متاثرہوئی جبکہ صیہونی فورسز نے غزہ میں 2 دن کےاندر 450 سے زائد مقامات کو ٹارگٹ کیا۔
خان یونس، جبالیہ کیمپ اور النصر اسپتال کے اطرا ف میں بھی شدید بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 700 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہوگئے۔
مقامی ذرائع کے مطابق جنگی طیاروں نے نصیرات پناہ گزین کیمپ میں 2 گھروں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 13 افراد شہید ہوگئے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہدا کی تعداد 15 ہزار 207 سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اب تک زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 40 ہزار سے متجاوز ہو چکی ہے، اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد میں 70 فیصد تعداد صرف بچوں اور خواتین کی ہے۔

مزید پڑھیں:  چترال میں تین روزہ قاقلشت فیسٹیول کا آغاز