وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا گیس قیمتوں کا معاملہ وزیراعظم کیساتھ اٹھانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک :نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سید ارشد حسین شاہ نے صنعتوں کے لئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے معاملہ نگران وزیر اعظم کے ساتھ اٹھانے کا فیصلہ کرلیا۔
اس سلسلے میں نگران وزیر اعلیٰ سے سینیٹر سلیم سیف اللہ خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی اور وفاقی حکومت کی طرف سے صنعتوں کے لئے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر وفد کا شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
وفد نے وزیر اعلیٰ سے معاملہ فوری طور پر وفاق کے ساتھ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو ہم صوبے کی بچی کھچی صنعتیں بھی بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
شرکاءنے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کونسل نے صوبوں کی مشاورت کے بغیر صنعتی گیس کی قیمت 1238 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو سے بڑھا کر 2400 روپے کر دی ہے، اس کے علاوہ صوبے کی صنعتوں کو بلینڈڈ گیس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت صوبے کی صنعتوں کو 80 فیصد قدرتی جبکہ 20 فیصد آر ایل این جی ملے گی۔
وفد نے بتایا کہ بلینڈڈ گیس کی فی ایم ایم بی ٹی یو قیمت 3100 روپے ہو جائے گی،یہ فیصلہ خیبر پختونخوا کے ساتھ سراسر ذیادتی ہے، اس فیصلے پر سندھ اور بلوچستان کے بھی تحفظات ہیں،
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی صنعتوں کے لئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ سنجیدہ معاملہ اس سے صوبے کی صنعتیں بری طرح متاثر ہوں گی ۔
ارشد حسین نے شرکاءکو یقین دہانی کرائی کہ معاملہ جلد نگران وزیراعظم کے ساتھ اٹھایا جائے گا، امید ہے وزیراعظم اس سلسلے میں ہماری شنوائی کریں گے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، غیر قانونی مقیم افغانیوں کی واپسی جاری، مزید 13 ہزار 567 لوٹ گئے