190ملین پاؤنڈ کیس، 6ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری

ویب ڈیسک: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان، ان کی اہلیہ بشری بی بی، شہزاد اکبر اور ذلفی بخاری سمیت چھ ملزمان کے خلاف 190 ملین پاونڈز ریفرنس سماعت کے لئے مقرر کردیا اور ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئے۔
آج کی سماعت میں احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ رجسٹرار آفس کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس کی اسکروٹنی مکمل کر لی گئی ہے لہٰذا عدالت ریفرنس کو ٹرائل کے لئے منظور کرتی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق اس ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں جبکہ بشری بی بی عبوری ضمانت پر رہا ہیں۔ باقی ملزمان مرزا شہزاد اکبر، ضیا المصطفی نسیم، ذلفی بخاری، فرحت شہزادی اور دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔
عدالتی حکم میں تحریر ہے کہ استغاثہ آئندہ سماعت پر وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے حوالے سے رپورٹ جمع کروائے۔
حکم نامے کے مطابق وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کے مطابق 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس کا ٹرائل اڈیالا جیل راولپنڈی میں کیا جائے گا اور ریفرنس کی آئندہ سماعت 6 دسمبر 2023 کو ہوگی۔

مزید پڑھیں:  ارشد شریف قتل: نواز شریف و دیگر کیخلاف اسکاٹ لینڈ یارڈ کی تفتیش ختم