آئی ایم ایف کےمطالبےپرگیس قیمتوں میں100فیصداضافےکاامکان

ویب ڈیسک: مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور گیس بم گرانے کی تیاریاں۔ ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پروٹیکٹڈ صارفین کے گیس ٹیرف میں بھی 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا جانے لگا ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف پروٹیکٹڈ صارفین کے گیس ٹیرف میں 100 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہا ہے، اس حوالے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے اور ساتھ میں حکومت ایکسپورٹ اور نان ایکسپورٹ سیکٹر کے گیس ٹیرف میں تفاوت خاتمے کیلئے بھی تیاریاں کئے بیٹھی ہے۔
حکام اگلے سال جنوری سے 57 فیصد پروٹیکٹڈ رہائشی صارفین کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافے کے آپشن پر کام کررہے ہیں۔ آئی ایم ایف مطالبے کے آگے سرنڈر کرتے ہوئے حکام اگلے سال سے پروٹیکٹڈ صارفین کی گیس کی قیمتوں میں 100فیصد اضافہ کرنا چاہتے ہیں۔
اس میں بھی مزید اضافے کا بگل بجایا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ حکومت یکم جولائی 2024ء سے مزید گیس قیمتوں میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ ابھی حال ہی میں گیس ٹیرف میں اضافہ کیا گیا تھا جس سے عوام بلبلا اٹھے تھے اس میں مزید اضافہ انہیں زندہ درگور کرنے کے مترادف ہو گا۔ ان حالات میں آئی ایم ایف کی جانب سے گیس قیمتوں میں 100 فیصد اضافہ کا مطالبہ نامناسب قرار دیا جا رہا ہے۔ عوام کی جانب سے بھی اس بارے شدید ردعمل آنے کا امکان ہے.

مزید پڑھیں:  ملک بھر میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی ہے، ادارہ شماریات