خون کےآخری قطرےتک پاک فوج وطن کی حفاظت کریگی،آرمی چیف

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی وطن واپسی اور نئے ضم شدہ اضلاع میں سماجی واقتصادی ترقی کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج خون کے آخری قطرے تک وطن کی حفاظت کرے گی۔
آرمی چیف نے انسداد دہشت گردی کی مختلف کارروائیوں کے دوران بہادری اور شجاعت کا مظاہرہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی بے مثال کارکردگی کوسراہا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کو مسلح افواج کی کارکردگی پر فخر ہے، کامیابی پاکستان کا مقدر ہے اور پاک فوج مادر وطن کے ایک ایک انچ کی حفاظت کا بے لوث اور مقدس فرض خون کے آخری قطرے تک ادا کرتی رہے گی۔
آرمی چیف نے پہلی بار منعقد ہونے والی قومی ورکشاپ خیبرپختونخوا سے بھی خصوصی خطاب کیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کو خیبر پختونخوا کے غیور عوام کی پرعزم حمایت کے باعث ہی صوبے میں استحکام اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر پیش رفت حاصل ہوئی ہے۔
پاکستان کی خوشحالی کو خیبرپختونخوا سے جوڑتے ہوئے آرمی چیف نے زور دیا کہ پاکستان کے امن اور استحکام کے لیے دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو ہم آہنگی اور جامع حکمت عملی کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے۔
جنرل سید عاصم منیر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی پاکستان کی سلامتی اور معیشت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں، ان کی وطن واپسی کا فیصلہ حکومت نے پاکستان کے وسیع تر مفاد میں کیا ہے، غیرقانونی غیرملکیوں کو طے شدہ اصولوں کے مطابق باعزت طریقے سے ان کے ملکوں میں واپس بھیجا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  جنگ بندی معاہدے کو حتمی شکل دینے پر کام جاری ہے، میتھیو ملر