اسرائیلی بربریت

اسرائیلی بربریت جاری‘شہید فلسطینیوں کی تعداد17ہزار متجاوز

ویب ڈیسک :غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بربریت اور وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ‘7 اکتوبر سے شروع ہونے والی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 17 ہزار سے تجاوز کر گئی ۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 350 فلسطینی شہید ہوئے مجموعی اب تک 17 ہزار 177 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، جن میں 7112 بچے بھی شامل ہیں۔
7 اکتوبر سے اب تک 46 ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوچکے ہیں جن میں سے 60 فیصد کو علاج کے لیے فوری طور پر غزہ سے باہر منتقل کرنے کی ضرورت ہے۔
اسرائیلی فورسز کی بربریت اور وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں کم از کم 7600 افراد گمشدہ ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
قبل ازیں وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا تھا کہ شمالی غزہ کے تمام ہسپتال بند ہو چکے ہیں‘تمام تر مشکلات کے باوجود ہم غزہ کے اسپتالوں کو چلانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ شمالی غزہ کے رہائشیوں میں بھوک کی شرح سنگین حد تک بڑھ چکی ہے‘غزہ کے 97 فیصد رہائشیوں کو مناسب مقدار میں خوراک دستیاب نہیں۔

مزید پڑھیں:  رفح پر حملہ خون کی ہولی ثابت ہو سکتا ہے، عالمی ادارہ صحت