کراچی میں کاروباری فیملی سے 2 ارب روپے بھتہ طلب

ویب ڈیسک: کراچی شہر کی ایک بڑی کاروباری فیملی کو بلیک میل اور 2ارب روپے بھتہ طلب کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق حال ہی میں انتقال کرجانےوالے کراچی کے ایک بڑے کارروباری فرد کو نامعلوم افراد کی جانب سے ای میل موصول ہوئی تھی جس میں 2 ارب روپے بھتے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں اہل خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں۔
فیملی سے 2 ارب روپے سے زائد بھتہ وصولی کیلئے ای میل کی گئی تھی جس میں کہا گیا کہ رقم بینک اکاونٹ میں منتقل کی جائے۔ فیملی کی قانونی مشاورت سے تعلق رکھنے والے افراد نے گزشتہ دنوں کیس کی تحقیقات کے لئے تحریری طورپردرخواست دی تھی جس کو باقاعدہ انکوائری میں تبدیل کردیا گیا۔
اگلے مرحلے میں اس معاملے پرجے آئی ٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔ اس حوالے سے مذکورہ فیملی کے افراد کوبیانات ریکارڈ کرانے کے لئے ایف آئی اے سائبرکرائم سرکل کراچی بلوایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مدعی کی جانب سے بھاری بھرکم بھتے کے تقاضے سے متعلق شکایت تحریری درخواست ایف آئی اے سائبرکرائم اسلام آباد کو موصول ہوئی جس کے بعد معاملہ ایف آئی اے سائبرکرائم کراچی کے سپرد کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  ایپکس کمیٹی اجلاس میں دہشتگردی کیخلاف مہم، بنوں واقعے بارے اہم فیصلے متوقع ہیں