وزیراعظم

گلگت بلتستان پاکستان کاحصہ ہے اور ہمیشہ رہے گا،وزیراعظم

ویب ڈیسک : نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان پاکستان کاحصہ ہے اور انشا اللہ ہمیشہ رہے گا، گلگت بلتستان کی حیثیت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کے حصے کے طور پر دیکھنا ہوگا۔
کراچی کی نجی یونیورسٹی میں طلبا و طالبات سے سوال و جواب کی ایک نشست میں گفتگو کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے اور تمام پاکستانی برابر کے شہری ہیں۔
نگران وزیراعظم نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ تعلیم اورتعلیمی ادارے ہمیشہ میرے دل کے قریب رہے ہیں، زندگی کو بامقصد بنانے کے لئے تعلیم ضروری ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر پر تین جنگیں لڑ چکے ہیں، پاکستان نے گلگت بلتستان کے حوالے سے جو اقدامات کئے ہیں وہ عوام کو حقوق دینے کے لئے ہیں، گلگت بلتستان کو پاکستان کا سنگا پور ہونا چاہیے کیونکہ یہ وسائل سے مالامال علاقہ ہے۔
اظہار رائے کی آزادی کے حوالے سے نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اظہار رائے کا حق حاصل ہے، ملکی سیاسی تاریخ کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی مخصوص واقعہ کو کسی مخصوص مدت یا کسی مخصوص حکومت سے نہیں جوڑا جا نا چاہیے، آج بھی یہاں طالب علموں اور وزیراعظم کے درمیان گفتگو اور سوال و جواب کی نشست میں کھل کر بات کی جارہی ہے اور طالب علموں نے وزیر اعظم کے روبرو اپنے دل کی باتیں کھل کر کی ہیں لہٰذا یہ تاثر کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی نہیں اس میں موجودہ نشست کے بعد وزن نہیں رہے گا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صحت کا شعبہ صوبوں کے پاس چلاگیا، اب صوبوں کی ذمہ داری ہے کہ اس حوالےسے اقدامات کریں، بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کے پیش نظر صحت کی سہولیات بڑھاناہوں گی ۔

مزید پڑھیں:  لوئر دیر، بارشوں سے گندم اور پھلوں کی پیداوار متاثر، حکومت سے اقدمات کا مطالبہ