آٹا گیس مہنگی، نانبائیوں کا سرکاری نرخ ماننے سے انکار

ویب ڈیسک: پشاور میں آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کے ساتھ ہی نانبائیوں نے بھی روٹی کی قیمت میں اضافہ کیلئے کمر کس لی ہے گیس اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کی بنیاد پر روٹی کی قیمت بڑھانے کا فیصلہ کیا جائیگا جس کیلئے اہم اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے اس سلسلے میں نانبائی ایسوسی ایشن ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری جہانزیب مہمند نے بتایا کہ آٹے ،بجلی اور فان گیس (ایل پی جی) کے نرخوں میں حالیہ اضافہ کے سبب پشاور کے نانبائیوں کو نقصانات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے
گیس کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ نے نانبائیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے ، لہذا پشاور کی تینوں نانبائی ایسوسی ایشنوں کا مشترکہ ہنگامی اجلاس آج سہہ پہر تین بجے طلب کرلیا گیا ہے جو چیئرمین حاجی متول کے حجرے چارسدہ روڈ دین بہار کالونی میں ہوگا اجلاس کی صدارت ضلعی صدر بابائے نانبائیان پشاور خائستہ گل مہمند کریں گے تینوں تنظیموں کے صدور، جنرل سیکرٹریوں و عہدیدار شرکت کرینگے۔کے علاوہ تمام وارڈوں کے صدور و جنرل سیکرٹریوں کو مدعو کیا گیا ہے اجلاس میں آئندہ کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔
پشاور کے نانبائیوں نے سرکاری نرخ پر روٹی کی فروخت نہ کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے اور نئے نرخ کے حوالے سے آج نانبائیوں کے اجلاس میں حتمی فیصلہ کیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ ،سواریوں سے بھری مسافر کوچ الٹ گئی، 3 خواتین زخمی